بدھ، 17 فروری، 2021

مجھ پہ جو بیتی : اردو کی آپ بیتی

 

اردو کی آپ بیتی

تمہید

چار حرفوں سے میرا نام وجود میں آتا ہے۔ لشکری چھاؤنی میرا جنم بھوم [1]ہے۔ دوسروں کو قدامت پہ ناز ہے اور مجھے جِدَّت پہ فخر۔ میرا ظرف بڑا ہے اور میری جڑیں گہری اور چار دانگ[2] عالم میں پھیلی ہوئیں۔ ولیوں سےمیرا گہرہ تعلق ہے اور شعراء و اہل ادب سے سنگین سنگت۔ میں عشق مجازی کی ہی نہیں ، عشق حقیقی کی بھی مٹھاس ہوں اور میری مٹھاس گُڑ اور شکر سے بڑھی ہوئی ہے۔

میں اپنے معاندین کو اپنی الفت و مودت اور کچھ مصالحت سے اپنے اندر جذب کر لیتی ہوں۔

فرنگیوں اور اجنبیوں نے مجھ پر تیغ و تفنگ سے وار کیے اور مجھے ختم کر دینے میں کوئی حربہ نہ چھوڑا۔ لیکن وہ شکست خوردہ، نادم اور نامراد ہوئے۔ جبکہ مجھے کامیابی و کامرانی عطا کی گئی۔ جب اس منصوبہ میں منہ کے بل گرے تو انہوں نے قید و بند کی صعوبتوں میں گھیر لینا چاہا کہ وہ مجھے بیڑیاں اور طوق پہنا کر نظر بند کر دیں۔ لیکن قادر کی قدرت دیکھئے ۔ اس نے جو چاہا وہ ہوا۔ اس نور نے مجھے نَیّر بنا دیا اور میری کرنوں کو اکناف عالم میں پہنچا دیا۔

اب میں ایسی بڑھی اور پھلی پھولی ہوں کہ مجھے نہ ڈر ہے عَدُوّ کا اور نہ خوف ہے کسی معاند کا۔

لیکن ! حیف ! مجھے خطرہ ہے میرے اپنوں سے، اپنے اہل سے اور اپنے قرابت داروں سے، جنہوں نے گھر کی مرغی کو دال برابر سمجھا اور غیروں سے مرعوب خاطر ہو گئے۔

 مجھے اپنے عنفوان شباب میں ہی نحیف و ناتواں  بنایا جا رہا ہے۔ اے میرے اپنے! مار آستین! مجھے کیوں ڈس رہے ہو؟ مجھے معلوم ہے میری اکسیر بھی تمہارے پاس ہے۔

اے میرے اپنے! کیا تم میرے درد کی دوا بنو گے؟ مجھے راحت و آرام دو گے؟ سکون و اطمینان بخشو گے؟ سَم قاتل کی تریاق بنو گے؟

اے میرے قاری! میں کس کی اہل ہوں؟ کون میری قربت کا حقدار؟ میں کون ہوں ؟ میرے ساتھ کیا بیتی ؟

اے میرے چاہنے والے! مجھے تلاش کر۔ کیونکہ جس کو کسی کی چاہ ہو وہ اس کا متلاشی ہو جاتا ہے۔

مجھے بولو تو خالص مجھے بولو اور بار بار بولو ۔ مجھے لکھو تو محض مجھے لکھو۔ اور بار بار لکھو۔ کیونکہ میں تمہاری ہوں ۔ تمہاری اپنی زبان ۔ میں ہوں اردو۔

نوٹ:۔ یہ میری کہانی کی تمہید تھی ۔ اب قسط وار میں اپنا قصہ بیان کروں گی ۔ جو مجھے چاہتا ہے اور بطیب خاطر چاہتا ہے وہ مجھے پڑھے اور بار بار پڑھے۔

(کالم نگار: اردو)



[1] جنم بھوم:۔ جائے پیدائش۔ مقامِ پیدائش۔

[2] چار دانگ:۔ چاروں سمت۔ ہر طرف۔

1 تبصرہ:

if you have any doubts,please let me know

Featured Post

مجھ پہ جو بیتی : اردو کی آپ بیتی

  اردو کی آپ بیتی تمہید چار حرفوں سے میرا نام وجود میں آتا ہے۔ لشکری چھاؤنی میرا جنم بھوم [1] ہے۔ دوسروں کو قدامت پہ ناز ہے اور مجھے جِدَّ...